جاڑوں کا مختلف افراد پر مختلف اثر ہوتا ہے۔ کچھ اس سے محفوظ ہوتے ہیں، اس لیے کہ ان کی جلد متاثر نہیں ہوتی، بلکہ سرخ اور خوب صورت ہوجاتی ہے۔ اس کے برعکس کچھ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں ، جن کی پریشانیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے
سر د ہوائیں ، ملائم اور گداز دھوپ اور کم ہوتا درجہٴ حرارت موسم کی علامات ہیں۔ جاڑوں کا مختلف افراد پر مختلف اثر ہوتا ہے۔ کچھ اس سے محفوظ ہوتے ہیں، اس لیے کہ ان کی جلد متاثر نہیں ہوتی، بلکہ سرخ اور خوب صورت ہوجاتی ہے۔ اس کے برعکس کچھ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں ، جن کی پریشانیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ان کے چہرے اور ہاتھوں کی جلد پھٹ جاتی ہے اور خارش ہونے لگتی ہے۔ جسم کے یہ دونوں مقامات اہم ہیں، اس لیے کہ لوگوں کی نگاہ براہ راست انھی پر پڑتی ہے ۔ چوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہاتھ پاؤں اور چہرہ خوب صورت نظر آئے، لہٰذا ہمیں سب سے زیادہ ادھر ہی توجہ دینی پڑتی ہے۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ خواتین اپنے چہرے کی زیبایش کی طرف زیادہ توجہ دیتی ہیں، جب کہ ہاتھ اور پاؤں کو نظر انداز کردیتی ہیں، جب کہ ہاتھ اور پاؤں کو نظر انداز کردیتی ہیں۔ پھٹے ہوئے ہاتھ اور پاؤں دیکھ کر ملاقاتی کو ناگوار لگتا ہے۔ نرم وملائم چہرہ اور ہاتھ پاؤں آپ کی شخصیت کا دوسروں پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔. موسم سرما میں جب درجہٴ حرارت گرجاتا ہے تو ہوا خشک ہوجاتی ہے، اس میں رطوبت ختم ہوجاتی ہے۔ اس کا اثر ہماری جلد پر پڑتا ہت اور یہ خشک ، کھردری اور خارش زدہ ہوجاتی ہے۔ چناں چہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ آپ کو اپنے ہاتھوں اور پیروں کی طرف معمول سے زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے۔ موسم کی تبدیلی سے قطع نظر آپ اپنے لیے جو مصنوعات مستقل استعمال کررہے ہوتے ہیں ، وہ بھی آپ کی جلد پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں، مثلاََ نقصان پہنچانے والے سستے صابن ، سستے شیمپو اور سستی کریمیں وغیرہ۔ ان سے آپ کی جلد کی نرمی جاتی رہتی ہے اور یہ خشک ہوکر خارش پیدا کرنے لگتی ہے۔ تیز گرم پانی سے بھی جلد کو نقصان پہنچتا ہے۔ چناں چہ ایسی تمام چیزوں سے اجتناب کیجئے، جو جلد میں خشکی پیدا کرتی ہیں۔ آپ جو مصنوعات گرمی یا موسم بہار میں استعمال کرتے ہیں ، انھیں جاڑے میں ترک کردیں، کیوں کہ اس موسم میں ان کے اثرات بالکل الٹ ہوجاتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جاڑوں میں ایسی چیزیں استعمال کی جائے جن میں گلیسرین اور پٹرولیم جیلی ہو۔ جب بھی آپ ہاتھوں کو دھو کر خشک کریں، ان پر نمی ضرور لگالیں۔ ایسا لوشن خواتین گھروں میں تیار کرسکتی ہیں۔ ایک بوتل میں نصف پیالی گلیسرین ، نصف پیالی لیموں کا رس اور نصف پیالی گلاب کا عرق ملا کرہلالیں۔ روز رات کو ہاتھ پاؤں دھونے کے بعد یہ لوشن اچھی طرح سے مل لیں۔ اس سے آپ کی جلد نرم وملائم رہے گی۔ جاڑوں میں اوپری جلد کے خلیے مردہ ہوجاتے ہیں، لہٰذا لوشن تیار کرکے ہاتھوں پیروں پر ملیں ، تاکہ مردہ کھال نکل جائے۔ اس کے لیے بھی آپ کو ایک لوشن تیار کرنا پڑے گا ۔ ایک بوتل میں نصف پیالی سمندری نمک، چوتھائی پیالی ناریل کا تیل اور چار قطرے فراری تیل کے ملا کر اچھی طرح سے ہلا لیں۔ پانچ منٹ تک اس آمیزے کو ان مقامات پر لگا کر رگڑیں، جہاں کی کھال مردہ ہوچکی ہو۔ س منٹ بعد گرم پانی سے ہاتھ منہ دھونے کے بعد وہ لوشن لگالیں، جو پہلے تیار کیا تھا۔ اس عمل سے آپ کی جلد ملائم اور چکنی ہوجائے گی۔ جاڑوں میںآ پ جب بھی گھر سے باہر نکلیں، دستانے اور موزے پہن لیں ، اس لئے کہ آپ کی جلد پتلی، نازک اور حسّاس ہوجاتی ہے۔ باہر کی ہوا سے جلد متاثر ہوتی ہے ۔ ایسے جوتے پہنیں ، جو آرام دہ اور فٹ ہوں۔ جاڑوں میں پھٹی ہوئی ایڑیاں اس وقت پریشان کرتی ہیں ، جب آپ انھیں مسلسل نظر انداز کرتے ہیں۔ اس کا ازالہ یوں ممکن ہے کہ ایک ٹب میں ہلکا گرم پانی بھر کر دو چمچے نمک ڈال کر گھول لیں۔ پھر اپنے پاؤں اس میں ڈال دیں۔. دس منٹ تک ایڑیاں رگڑیں ۔ پھر پاؤں نکال کر خشک کرلیں۔ ایک چمچے پٹرولیم جیلی میں دو چمچے لیموں کا رس ملالیں اور اسے دونوں پاؤں، خاص طور پر ایڑیوں پر لگا کر نرم سوتی موزے پہن لیں۔ اس عمل کو کئی بارکریں۔ پھٹی ہوئی ایڑیاں جلد اچھی ہوجائیں گی۔ سرد ہوا سے پیروں اور ہاتھوں پر لکیریں اور دھبے پڑجاتے ہیں۔ رات سونے سے پیشتر ان پر ناریل یا زیتون کا تیل لگا کر مساج کریں۔ پھر صبح انھیں گرم پانی سے دھوڈالیں، داغ دھبے اور لکیریں صاف ہوجائیں گی۔ ملتانی مٹی میں پانی ملا کر لگدی سے بنالیجئے۔ پھر اسے متاثرہ جگہوں پر 20 منٹ تک لگا رہنے دیں۔ اس کے بعد گرم پانی سے دھوڈالیں۔ یہ عمل ہفتے میں تین بار کریں۔ پاؤں نرم وملائم ہوجائیں گے۔ جن خواتین و حضرات کے ہاتھ سردی میں زیادہ متاثر ہوجاتے ہوں ، انھیں چاہیے کہ وہ ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چٹکی پھٹکری ملا کر اسے ہاتھوں پر لگالیں ۔ پھر پانچ منٹ تک مالش کریں۔ اس کے بعد گرم پانی سے دھو ڈالیں۔ آخر میں گلاب، لیموں اور گلیسرین سے بنا لوشن لگالیں۔ ہفتے میں دوبار یہ عمل کریں۔ آپ کے ہاتھ ملائم اور خوب صورت ہوجائیں گے۔ ان ترکیبوں پر عمل کرنے سے سردی آپ کے پاتھوں پیروں کو نقصان نہیں پہنچا سکے گی.۔
Comments
Post a Comment